نئی دہلی، 5 /جنوری(آئی این ایس انڈیا) مرکزی حکومت نے آج قومی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے تحت خشک سالی سے متاثرہ ریاست کرناٹک کو 1782کروڑ روپے اور 2013میں سیلاب سے متاثر ہونے والے اتراکھنڈ کو 209کروڑ روپے کی مالی مدد فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں ہوئی اعلی سطحی کمیٹی(ایچ ایل سی)کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی نے دونوں ریاستوں کا دورہ کرنے والی بین وزارتی مرکزی ٹیم(آئی ایم سی ٹی)کی رپورٹ پر مبنی تجاویز پر غور کیا تھا۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق، ایچ ایل سی نے اتراکھنڈ کو قومی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ(این ڈی آر ایف)اور قومی دیہی پینے کے پانی پروگرام(این آرڈی ڈبلیوپی)سے 208.91کروڑ روپے کی امدادی رقم دینے کی منظوری دی ہے۔ایچ ایل سی نے کرناٹک کو قومی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ سے 1782.44کروڑ روپے کی امدادی رقم دینے کی منظوری دی ہے۔اجلاس میں نیتی آیوگ کے نائب صدر اروند پنگڑھیا، داخلہ سکریٹری راجیو مہشری اور وزارت داخلہ، وزارت خزانہ اور وزارت زراعت کے سینئر افسران بھی شامل تھے۔کرناٹک حکومت نے 2016میں ریاست میں سنگین خشک سالی کی وجہ سے خریف کی فصلوں کو ہوئے نقصان کے لیے مرکزی حکومت سے راحتی رقم کے طور پر 4702کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔